ممبئی :دنیا کی سب سے بڑی فلم انڈسٹری رکھنے والے ملک بھارت میں جہاں 21 روزہ لاک ڈاؤن کے باعث یومیہ اجرت پر کام کرنے والے دیگر کروڑوں ملازمین متاثر ہوئے ہیں، وہیں وہاں کی فلم انڈسٹری کے بھی لاکھوں ملازمین متاثر ہوئے ہیں۔
فلم ملازم یونین کے صدر کا کہنا تھا کہ سلمان خان کی ہدایات کے بعد ان کی تنظیم نے فلم یونین سے یومیہ اجرت پر کام کرنے والے 25 ہزار ملازمین کے بینک اکاؤنٹس کی تفصیل بھی حاصل کرلی ہے اور اداکار کی تنظیم کے مطابق وہ جلد ہی ملازمین کو رقم کی منتقلی شروع کردے گی۔
کورونا وائرس کی وجہ سے بھارت میں لاک ڈاؤن کے نفاذ سے قبل ہی فلموں کی شوٹنگ منسوخ کردی گئی تھی جب کہ نئی فلموں کی نمائش بھی عارضی طور پر روک کر سینما گھروں کو بند کردیا گیا تھا۔
تاہم 22 مارچ کے بعد بھارت میں 21 روز کے لاک ڈاؤن کا اعلان کیا گیا جس کے بعد نہ صرف کاروباری اداروں کو بند کردیا گیا بلکہ عام ٹرانسپورٹ سمیت تمام کاروبار زندگی معطل ہوگئی۔
لاک ڈاؤن کے نفاذ کے بعد خاص طور پر یومیہ اجرت پر کام کرنے والے ملازمین مالی تنگی کا شکار ہیں اور ایسے ہی مالی مشکلات کے شکار فلم انڈسٹری کے 25 ہزار ملازمین کی مالی مدد کا اعلان اداکار سلمان خان نے کیا ہے۔
انڈیا ٹوڈے نے اپنی خبر میں فیڈریشن آف ویسٹرن انڈین سائن امپلائیز (ایف ڈبلیو آئی سی سی) کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ بولی وڈ دبنگ خان سلمان خان نے فلم انڈسٹری کے یومیہ اجرت پر کام کرنے والے 25 ہزار ملازمین کی مالی مدد کا وعدہ کیا ہے۔
ایف ڈبلیو آئی سی سی کے صدر بی این تواری نے تصدیق کی کہ سلمان خان نے فلم انڈسٹری کے یومیہ اجرت پر کام کرنے والے ملازمین کی مالی مدد کا وعدہ کیا ہے اور اس ضمن میں اداکار نے اپنی سماجی تنظیم بینگ ہیومن کو ہدایات بھی کردی ہیں۔