کراچی: وزیر مملکت برائے داخلہ شہریار خان آفریدی کا کہنا ہے کہ اب کوئی بھی باہر سے پاکستان کے نظام کو مفلوج نہیں کر سکے گا۔ رینجرز ہیڈ کوارٹرز کراچی میں 26 ویں پاسنگ آؤٹ پریڈ کی تقریب سے خطاب کے دوران وزیر مملکت برائے داخلہ شہریار خان آفریدی نے کہا کہ رینجرز نے سرحدوں کی حفاظت اور کراچی میں دہشت گردی کے خلاف کردار ادا کیا۔ رینجرز نے پانچ سال میں 16 ہزار آپریشن کیے اور 12 ہزار سے زائد دہشت گرد گرفتار کر کے پولیس کے حوالے کیے۔ سندھ رینجرز کی کوششوں سے کراچی میں امن قائم ہوا کراچی کی روشنی اور امن بحال ہو چکا ہے۔ کراچی ایک بار پھر معاشی اور تجارتی سرگرمیوں کا مرکز بن چکا ہے۔
وزیر مملکت برائے داخلہ نے کہا کہ بیرونی کوششوں سے ہمارے امن کو خراب کرنے کی کوشش کی گئی جبکہ آنے والا وقت پاکستان کا اور پاکستانیوں کا ہے۔ اب ملک کے آئین پر سودے بازی نہیں ہو گی اور کوئی اب باہر سے فیصلہ ڈکٹیٹ نہیں کرا سکے گا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ اندر بیٹھ کر دشمن کی بولی بولنے والے اپنا قبلہ درست کر لیں اور ریاست اب کوئی سمجھوتا نہیں کرے گی۔ ریاست اب بلیک میل نہیں ہو گی اور اب کوئی بھی باہر سے یہاں کے نظام کو مفلوج نہیں کر سکے گا۔