لاہور : پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کا تیسرا ایڈیشن انتہائی کامیاب رہا جس کے باعث کراچی میں بھی بین الاقوامی کرکٹ کی بحالی کے دروازے کھلے مگر سوئنگ کے سلطان وسیم اکرم کا کہنا ہے کہ ایک معاملے میں پی ایس ایل مکمل طور پر ناکام ہو گئی ہے۔
وسیم اکرم کا کہنا ہے کہ پی ایس ایل نے حسن علی، شاداب خان، عمید آصف اور حسن علی سمیت بہترین باؤلرز تو فراہم کئے ہیں جبکہ بہترین آل راؤنڈرز بھی سامنے آئے ہیں مگر یہ لیگ اچھے بلے باز سامنے لانے میں ابھی تک ناکام ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اس امر کو سنجیدگی سے لینا چاہئے کیونکہ اب اظہر علی، محمد حفیظ اور شعیب ملک کی جگہ اچھے اور بہترین بلے بازوں کی ضرورت ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے وسیم اکرم نے کہا کہ اگر ہم دیکھیں تو پی ایس ایل تھری میں ہم نے کوئی بھی ابھرتا ہوا بلے باز نہیں دیکھا۔ ہم نے باؤلرز اور آل راؤنڈرز تو دیکھے مگر کوئی بلے باز نہیں دیکھا۔ اس سے یہ صاف ظاہر ہوتا ہے کہ ہمیں اپنے فرسٹ کلاس سٹرکچر پر کام کرنے کی ضرورت ہے۔ پی ایس ایل کی کامیابی کے بعد اب ہمیں فرسٹ کلاس سسٹم پر بھی کچھ سرمایہ کاری کرنا ہو گی۔