مستقبل کی منصوبہ بندی، سیارچے سے بندھی انوکھی عمارت کا ماڈل پیش

مستقبل کی منصوبہ بندی، سیارچے سے بندھی انوکھی عمارت کا ماڈل پیش

نیویارک : امریکی آرکیٹیکٹ کمپنی نے ایک انوکھی عمارت کا ڈیزائن تیار کیا ہے جو اس کے بقول ایک دن نیو یارک کے علاقے مین ہٹن پر تیرتی نظر آئے گی۔ کلاﺅڈز آرکیٹیکچر آفس کے مطابق یہ عمارت ایک سیارچے سے تاروں کے ذریعے لٹکی ہوئی ہو گی اور زمین کو نہیں چھوئے گی۔
”دی اینالیما ٹاور“ نامی یہ عمارت دنیا کی بلند ترین عمارت ہوگی اور ہاں فی الحال اسے تعمیر کرنے کا کوئی منصوبہ نہیں بلکہ یہ مستقبل کی منصوبہ بندی کا حصہ ہے۔ اس عمارت کو دبئی میں تعمیر کیا جائے گا جہاں سے یہ سیارچے کے ذریعے ہوا میں تیرتی ہوئی نیویارک پہنچے گی اور پھر وہیں ہوا میں جھولتی رہے گی۔
یہ عمارت بالائی خلاءمیں کسی سیارچے سے تاروں کے ذریعے جھول رہی ہوگی جس کے نچلے حصے میں دفاتر ہوں گے جبکہ رہائشی حصہ بالائی منزلوں پر تعمیر ہوگا۔ کمپنی کے مطابق چونکہ یہ ٹاور زمین سے جڑا ہوا نہیں ہوگا تو اس لحاظ سے یہ ڈیزائن سیلاب، سونامی اور زلزلے وغیرہ سے بھی تحفظ دے گا۔