پشاور :پشاور زلمی کے مالک جاوید آفریدی نے اسپیشل اولمپکس ورلڈ ونٹر گیمز میں میڈلز جیتنے والے ایتھلیٹ کو پاکستانی ہیروز قرار دے دیا۔ جاوید آفریدی نے اسپیشل اولمپکس ورلڈ ونٹر گیمز میں سونے کا تمغہ جیت کر ملک کا نام روشن کرنے والے ایتھلیٹس کو آئندہ سال لیگ کے تیسرے ایڈیشن کیلئے مہمان خصوصی کے طور پر دبئی متحدہ عرب امارات لے جانے کا اعلان کیاہے۔
اسلام آباد میں پشاور زلمی اور پشاور زلمی فاونڈیشن کے مالک جاوید آفریدی کی جانب سے آسٹریا میں ہونے والے اسپیشل اولمپکس ورلڈ انٹر گیمز میں میڈلز جیتنے والے پاکستانی ایتھلیٹس کے اعزاز میں تقریب کا اہتمام کیا گیا۔جاوید آفریدی نے میڈلز جیتنے والے ایتھلیٹ کو پاکستانی ہیروز قرار دیتے ہوئے کہا کہ پشاور زلمی کی جانب سے ان بچوں کی حوصلہ افزائی کا سلسلہ مستقبل میں بھی جاری رہے گا۔
اس موقع پر ایونٹ میں 16 میڈلز جیتنے والے ایتھلیٹس کو پشاور زلمی فاونڈیشن کی جانب سے جاوید آفریدی نے فی کس ایک لاکھ روپے انعام دیا جبکہ کوچز اور دیگر اسٹاف کو بھی انعامات سے نوازا گیا۔چیئرمین پشاور زلمی جاوید آفریدی نے کہا کہ ملک کا نام روشن کرنے والے یہ ایتھلیٹس ہمارے اصل ہیروز ہیں جن کی قدر اور حوصلہ افزائی ہر سطح پر ضرور کی جانی چاہیے۔
واضح رہے کہ جاوید آفریدی فلاحی ملک بھر میں کھیلوں کے ساتھ ساتھ فلاحی کاموں میں بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لیتے ہیں اور اسی سلسلے میں وہ رواں سال شوکت خانم میموریل ہسپتال کے چند بچوں کو پاکستان سپر لیگ کے دوسرے ایڈیشن کے میچز دکھانے کیلئے متحدہ عرب امارات لے کر گئے تھے۔