راولا کوٹ کی جیل سے 19 قیدی فرار ، ایک قیدی گولی لگنے سے ہلاک

راولا کوٹ کی جیل سے 19 قیدی فرار ، ایک قیدی گولی لگنے سے ہلاک

راولا کوٹ : کشمیر کے ضلع پونچھ کی تحصیل راولاکوٹ کی ڈسٹرکٹ جیل سے 19 قیدی جیل عملے کو یرغمال بنا کر فرار ہو گئے جبکہ ایک قیدی محمد خیام جیل سے بھاگتے ہوئے گولی لگنے سے ہلاک ہوا ہے۔


پولیس کے مطابق جیل سے قیدیوں کے فرار ہونے کا واقعہ اتوار کے روز دوپہر دو بجے کے قریب پیش آیا۔ فرار ہونے والے ملزمان دہشت گردی، قتل، چوری اور منشیات فروشی کی وارداتوں میں ملوث تھے۔
   
ہلاک ہونے والا ملزم محمد خیام منشیات فروشی کے جرم میں ڈسٹرکٹ جیل پونچھ راولاکوٹ میں قید تھا۔
 

فرار ہونے والے قیدیوں میں سے ایک کے ہلاک ہونے کی اطلاع ہے۔ منشیات فروشی کے الزام میں قید ملزم محمد خیام جیل سے بھاگتے ہوئے فائرنگ میں زخمی ہوا تھا۔

ایس پی پونچھ ریاض مغل نے ڈسٹرکٹ جیل سے 19 قیدیوں کے فرار اور ایک کی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ جیل سے قیدیوں کے فرار کا واقعہ اُن کے لیے بھی باعث تشویش ہے تاہم انہیں دوبارہ گرفتار کرنے کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔


انہوں نے کہا کہ مختلف مقامات پر ناکے لگا دیے گئے ہیں اور فرار ہونے والے قیدیوں کی تلاش کے لیے ٹیمیں مختص کر دی ہیں۔


ایس پی ریاض مغل نے کہا کہ واقعے کی تحقیقات کر رہے ہیں اور پتہ لگانے کی کوشش کر رہے ہیں کہ اس میں کون ملوث تھا۔


یہ واقعہ اتوار کو اُس وقت پیش آیا جب سنتری قیدیوں کو بیرکوں سے باہر نکالنے کے لیے دروازہ کھولنے گیا۔

مصنف کے بارے میں