اسلام آباد:وزیر اعظم نے ’پی ڈبلیو ڈی‘ کی تحلیل کا عمل فوری طور پر شروع کرنے کی ہدایت کردی۔
وزیراعظم کی زیر صدارت پاکستان پبلک ورکس ڈپارٹمنٹ کی تحلیل اور اس کے متبادل کے حوالے سے اجلاس میں سفارشات پیش کی گئیں۔وزیراعظم نے ہدایت کی کہ تحلیل کے عمل کے دوران ملازمین کے مفادات کا تحفظ کیا جائے، پی ڈبلیو ڈی کے تحت جاری منصوبوں کو متعلقہ وفاقی اور صوبائی اداروں سے مکمل کروایا جائے گا جبکہ سرکاری تعمیر و مرمت کے لیے بین الاقوامی معیار کی نجی کمپنیوں کی خدمات لی جائیں گی۔
انہوں نے کہا کہ ملک کے معاشی حالات خزانے کو نقصان پہنچانے والے اداروں کا مزید بوجھ برداشت کرنے کے متحمل نہیں ہو سکتے۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم میاں شہباز شریف کا کہنا تھا کہ فی الفور پی ڈبلیو دی کی تحلیل کا عمل شروع کیا جائے، تحلیل کے عمل کے دوران ملازمین کے مفادات کا تحفظ کریں گے۔
شہبازشریف کا مزید کہنا تھا کہ پاک پی ڈبلیو ڈی کے اثاثہ جات کے ریکارڈ کو مکمل طور پر ڈیجیٹلائز کیا جائے، پاکستان کے معاشی حالات ملکی خزانے کو نقصان پہنچانے والے اداروں کا مزید بوجھ برداشت کرنے کے متحمل نہیں ہو سکتے۔