کراچی : سابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل بھی مبارک بادیں دینے لگے ہیں۔ انہوں نے سٹینڈ بائی معاہدے پر اپنے ردعمل کا اظہار کیا ہے۔انہوں نے سوشل میڈیا سائیٹ ٹویٹر پرکہا کہ یہ عید کے روز پاکستان کے لیے بہت اچھی خبر ہے، آئی ایم ایف سے معاہدے پر میں وزیراعظم شہباز شریف کو مبارکباد پیش کرتا ہوں کہ ان کی ذاتی دلچسپی اور آئی ایم ایف کی ایم ڈی سے کئی ملاقاتوں کے بعد یہ معاہدہ ممکن ہوا۔
مفتاح اسماعیل کا مزید کہنا تھا جیسا کہ میں پہلے بھی کہہ چکا ہوں کہ آئی ایم ایف سے معاہدہ ہی ڈیفالٹ سے بچنے کی بہترین سرمایہ کاری ہے، ان شاء اللہ اب ڈیفالٹ کا خطرہ کم ہو گا اور ڈالر کا دباؤ بھی آہستہ آہستہ کم ہو گا اور کاروباری ماحول میں ایک نئی امید اور پھرتی نظر آئے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس معاہدے کے لیے ہم نے تقریباً 9 ماہ کھو دیے لیکن اب پاکستان مضبوطی سے ٹھیک سمت کی جانب بڑھے گا، وفاقی وزراء اور سیکرٹریز نے بھی معاہدے کے لیے بہت محنت کی۔سابق وزیر خزانہ کا کہنا تھا ہمیں یہ ضرور سوچنا چاہیے کہ یہ معاہدہ ہمارے لیے ایک اور موقع ہے کہ ہم اپنی معاشی پالیسی میں بنیادی ریفارمز کریں، جب تک ہم معاشی ریفارمز نہیں کریں گے تو پاکستان قرض دینے والوں کے رحم و کرم پر رہے گا اور عوام حکومتی اور سٹرکچرل گورننس کی ناکامی کی قیمت ادا کرتے رہیں گے۔