پاکستان ڈیفالٹ ہونیوالا ملک نہیں،پلان بی میں بھی ہم نے ڈیفالٹ نہیں کرنا تھا: وزیرخزانہ اسحاق ڈار

05:54 PM, 30 Jun, 2023

نیوویب ڈیسک

لاہور: وزیر خزانہ  اسحاق ڈار کا کہنا ہے میرا ایمان ہے کہ پاکستان ڈیفالٹ ہونے والا ملک نہیں ہے۔ آئی ایم ایف سے معاہدہ ہو چکا ہے، ہمیں ترقی سے کوئی نہیں روک سکتا۔انہوں نے گورنر ہاؤس پنجاب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہاکہ پچھلے 10 روز میں ہم نے آئی ایم ایف کو آمادہ کر لیا، ہم چاہتے تھے کہ آئی ایم ایف کا پروگرام 9 ماہ سے زیادہ نہ ہو، وزیراعظم قوم پر 215 ارب روپے کا ٹیکس لگانے سے ہچکچا رہے تھے۔

اسحاق ڈار نے کہا وزیراعظم نے آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدے میں بہت دلچسپی لی، آئی ایم ایف پروگرام پر دستخط ہو چکے ہیں۔ پاکستان کو اقتصادی طور پر بہت بڑا نقصان ہوا، کچھ لوگ ملک کے اندر اور باہر مایوسی پھیلاتے رہے، اللہ کا شکر ہے ہم نے ہر ادائیگی وقت پر کی۔سینیٹر اسحاق ڈار کا کہنا تھا یہ میرا ایمان ہے کہ پاکستان ڈیفالٹ ہونے والا ملک نہیں ہے، پاکستان سری لنکا بننے والا ملک نہیں ہے۔

 اگر آئی ایم ایف نہ بھی ہوتا تو ہمارا دوسرا پلان تھا، پلان بی میں بھی ہم نے ڈیفالٹ نہیں کرنا تھا، جو تباہی ہوئی ہے اسے ریکور کرنا ہے، رونے دھونے سے کچھ نہیں ہو گا، ہم اپنے تمام وعدے ان شا اللہ پورے کریں گے۔

مزیدخبریں