آرمی چیف کا دورہ قطر، اہم حکام سے ملاقاتیں، تمام شعبوں میں تعاون بڑھانے کا فیصلہ 

06:57 PM, 30 Jun, 2022

نیوویب ڈیسک

راولپنڈی : آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے قطر کا دورہ کیا۔ امیر قطر اور نائب وزیراعظم و وزیر مملکت برائے دفاع سے ملاقاتیں کیں۔ فریقین  نے تمام شعبوں میں تعاون کو مزید بڑھانے کی اہمیت پر زور دیا۔

آئی ایس پی آر کے  مطابق سپہ سالار نے  امیر قطر شیخ تمیم  بن حماد الثانی  اور نائب وزیراعظم و  وزیر مملکت برائے دفاعی امور ڈاکٹر خالد بن محمد  العطیہ  سے  ملاقاتوں کے دوران  دفاع، سیکیورٹی تعاون ،علاقائی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے دوطرفہ امور پر تبادلہ خیال کیا۔

آرمی چیف نے کہا کہ دونوں ممالک دوستانہ تعلقات اور بھائی چارے کے گہرے جذبے کی عظیم تاریخ رکھتے ہیں جو ایک پائیدار شراکت داری میں تبدیل ہو رہے ہیں۔ فریقین  نے تمام شعبوں میں تعاون کو مزید بڑھانے کی اہمیت پر زور دیا۔

قطری حکام نے   خطے میں امن و استحکام کے لیے پاکستان کی مسلسل کوششوں کو سراہا اور دونوں برادر ممالک کے درمیان بہتر تعلقات کے لیے کام جاری رکھنے کا عہد کیا۔

مزیدخبریں