لاہور : وزیر اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز شریف نے کہا ہے کہ ہمیشہ کی طرح آج بھی عدلیہ کے فیصلے کا احترام کرتے ہیں۔لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے سے پنجاب میں 3 ماہ سے جاری آئینی بحران کا ہمیشہ کے لئے خاتمہ ہوگا۔
ہائیکورٹ کے فیصلے پر ردعمل میں حمزہ شہباز نے کہا کہ اپوزیشن نے اپنی انا پرستی کی تسکین کے لئے صوبہ کو آئینی بحران میں دھکیلا ۔ آئینی بحران کا سب سے زیادہ نقصان صوبے کے عوام کو اٹھانا پڑا۔ عہدے آنی جانی چیز ہے، اصل کا کام اللّٰہ کی مخلوق کو راضی کرنا ہوتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سیاست برائے سیاست کا قائل نہیں بلکہ سیاست کو خدمت کا درجہ دیتا ہوں ۔ مخلوق خدا کی زندگیوں میں آسانیاں پیدا کرنا میری زندگی کا مقصد ہے ۔دکھی انسانیت کی تکالیف کا مداوا میری سیاست ہے۔
حمزہ شہباز شریف نے کہا کہ امید ہے کہ اس فیصلے کے اثرات صوبے کے عوام کے لئے خیر کا باعث بنیں گے ۔ مسلم لیگ ن نے ہمیشہ چینلجز کا مقابلہ کیا ہے ۔ آئین اور قانون کے ماروا کوئی اقدام نہیں کیا جن لوگوں نے آئین اور قانون سے کھلواڑ کیا ان کے چہرے قوم کے سامنے ہیں ۔