اسلام آباد: عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) نے وفاق میں حکومتی اتحاد سے علیحدگی پر غور شروع کر دیا ہے تاہم اس سے متعلق حتمی فیصلہ عیدالاضحٰی کے بعد کئے جانے کا امکان ہے۔
تفصیلات کے مطابق ایمل ولی خان کی زیرصدارت اے این پی کی مرکزی قیادت کا اجلاس ہوا جس میں حکومتی اتحاد کے وقت کئے گئے وعدوں اور ان پر عملدرآمد سے متعلق تبادلہ خیال کیا گیا۔
اے این پی ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت کی جانب سے کیا گیا کوئی وعدہ پورا نہ ہو سکا اور کسی بھی حکومتی فیصلوں پر اعتماد میں نہیں لیا جا رہا جس کے باعث اجلاس کے شرکاءنے حکومتی اتحاد سے علیحدگی کی تجویز دیدی۔
ذرائع کے مطابق اے این پی رہنماؤں نے حکومتی اتحاد سے علیحدگی کا اختیار پارٹی سربراہ کو دیدیا ہے جبکہ ایمل ولی خان نے اس ضمن میں حتمی فیصلوں کیلئے مرکزی قیادت کا اجلاس عید کے بعد طلب کیا ہے۔