راولپنڈی: عوامی مسلم لیگ کے سربراہ اور سابق وزیر داخلہ شیخ رشید نے حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ اسحاق ڈار تو کیا بل گیٹس کو بھی بلالیں، ملک ان سے نہیں چل سکتا۔ رانا ثناءاللہ اور خرم دستگیر نئے آرمی چیف کی تعیناتی پر مشاورت کا بیان کس حیثیت میں دے رہے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق سابق وزیرداخلہ شیخ رشید نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری بیان میں لکھا ’سپریم کورٹ کا 63اے کا محفوظ فیصلہ اہم ہو گا، 50 روپے پیٹرول پر لیوی بھی عنقریب لگے گی۔ اسحاق ڈار تو کیا بل گیٹس کو بھی بلا لیں ملک ان سے نہیں چل سکتا، اوورسیز کے ووٹوں کیلئے سپریم کورٹ جاﺅں گا، 2 تاریخ کو لال حویلی سے پریڈ گراﺅنڈ جاﺅں گا، فوری انتخابات کروالیں ورنہ کچھ بھی ہو سکتا ہے۔‘
ایک اور ٹویٹ میں شیخ رشید نے کہا ’روس سے تیل اور افغانستان سے کوئلہ نہیں منگوایا جا رہا، حکمران عوام کو دھوکہ دے رہے ہیں، عنقریب گندم کا بحران بھی آنے والا ہے، جس حکومتی اتحادی نے الیکشن لڑنا ہے اسے حکومت کو چھوڑنا ہو گا کیونکہ حکومت کہیں نظر نہیں آ رہی، اگر لوڈشیڈنگ اور مہنگائی ختم نہ ہوئی تو لوگ خودبخود سڑکوں پر ہوں گے۔‘
شیخ رشید کا مزید کہنا تھا کہ ’رانا ثناءاللہ اور خرم دستگیر نئے آرمی چیف کی تعیناتی پر مشاورت کا بیان کس حیثیت میں دے رہے ہیں۔ کراچی، سکھر، حیدر آباد کی قیادت پی پی پی کبھی ایم کیو ایم کو نہیں دے گی۔ چیف الیکشن کمیشن کو ہائی کورٹ کے فیصلے کے بعد پی ٹی آئی کی 5 مخصوص نشستیں دینے پر دیر نہیں کرنی چاہئے۔ آج پنجاب ہائیکورٹ کا فیصلہ بھی آ سکتا ہے۔‘