کراچی: پاک سرزمین پارٹی (پی ایس پی ) کے سربراہ مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ جب امن پسند شہری حالات سے تنگ آکر ہتھیار اٹھائیں گےانہیں پکڑا جائےگا،سندھ حکومت آج شہریوں کو اپنی پالیسیوں سے دہشت گرد بنارہی ہے۔
کراچی میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے مصطفیٰ کمال نے کہا کہ سندھ حکومت نے 13 سال میں کراچی سمیت صوبےمیں کوئی ترقیاتی کام نہیں کئے، سندھ حکومت 13 سال میں 10 بسیں لےکرآئی ہے، ہر 10 منٹ بعد مختلف چینلز پر اشتہار چل رہا ہے۔
چیئرمین پی ایس پی نے کہا کہ لوگوں کو بجلی فراہم کرنے کیلئے کراچی میں مختلف بجلی کمپنیز لائی جائیں، بجلی فراہم کرنےوالی 3،4 کمپنیز اگر قائم ہوں گی تو لوگوں کو سستی بجلی مل سکے گی،لوگ یہاں بجلی کے بل بھر رہے ہیں مگر انہیں بجلی نہیں مل رہی۔ مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ کے الیکٹرک دنیا میں واحد محکمہ نہیں ہے جو صرف کراچی میں بجلی فراہم کرے، حکومت بجلی فراہم کرنے کیلئے مختلف کمپنیز کو لائےتاکہ عوام کو سستی بجلی مل سکے،کے الیکٹرک دنیا بھر سے ہونے والے نقصان کو کراچی کے عوام کی جیبوں سے بھر رہی ہے، کراچی میں عوام کو آج 16گھنٹے سے زائد لوڈشیڈنگ کا سامنا ہے۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات کا تقاضا ہے کے الیکٹرک کو ختم کردیا جائے، وفاقی حکومت کے الیکٹرک کا لائسنس ختم کرکےاسےواپس لے۔
مصطفیٰ کمال نے سند حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ کراچی میں لوگوں کو پینے کا پانی دستیاب نہیں،اسکولز کا بہت برا حال ہے، بڑے عہدوں پر بیٹھنےوالے اپنی ذات کو بہتر کرنے میں لگے ہوئے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس وقت ملک اور عوام کے بارے میں کوئی سیاسی جماعت نہیں سوچ رہی، لوگ حالات سےتنگ آکرجلاؤگھیراؤکررہےہیں کیا وزیراعظم کراچی جلنےکاانتظارکررہےہیں۔
سندھ میں ہونےوالے بلدیاتی انتخابات کو اب تک کے سب سےبرے الیکشن قرار دیتے ہوئے مصطفیٰ کمال نے کہا کہ یہاں ڈاکو پولنگ عملے اور بیلٹ بکس تک اٹھاکر لے جاتے ہیں کوئی پوچھنے والا نہیں۔