اسلام آباد: سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ سابق وزیراعظم عمران خان کا تحفے میں ملنے والی گھڑیاں بیچنا کوئی بڑا مسئلہ نہیں بلکہ ان کا حق تھا۔
نجی ٹی وی چینل سے بات کرتے ہوئے سابق وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا کہ تحفے میں ملنے والی گھڑی ہے اسی کی ہے جس کو ملے پھر وہ چاہے بیچے، پھینکے، رکھے، یا کسی کو تحفہ دے، کوئی دوسرا کون ہوتا ہے اس سے پوچھنے والا؟ انکا کہنا تھا کہ ان کو عمران خان کیخلاف کسی قسم کا کرپشن کا ثبوت نہیں ملا تو توشہ خان نکال لائے جو کہ مضحکہ خیز ہے، زرداری صاحب نے بی ایم ڈبلیو لے لی تھی، گیلانی صاحب نے گاڑی لے لی، آپ سب کا توشہ خانہ کھولیں کوئی مسئلہ نہیں ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ گھڑی بیچنے سے زیادہ عجیب بات ہے کہ ملک کا وزیراعظم 16 ارب روپے کی منی لانڈرنگ کرے۔فواد چوہدری نے کہا کہ عمران خان نے سرکاری مال استعمال نہیں کیا، گھڑی بیچ کر سڑک کی تعمیر کرائی اور سرکاری خزانے سے رقم نہیں لی۔
سابق وزیراطلاعات نے یہ بھی بتایا کہ ماضی میں بحیثیت وزیراطلاعات انہیں کوئی خاص تحفہ نہیں ملا جس کو بیچا ہو۔