کراچی: سندھ حکومت نے عید قرباں پر کھالیں جمع کرنے کے لیے ضابطہ اخلاق جاری کر دیا گیا۔
محکمہ داخلہ سندھ نے ایک نوٹیفکیشن جاری کرتے ہوئے قرار دیا ہے کہ قربانی کی کھالیں جمع کرنے کے لیے متعلقہ ڈپٹی کمشنر کا اجازت نامہ لازمی ہو گا۔ کیمپ لگا کر کھالیں جمع کرنے پر پابندی ہوگی، پرچم لگانا اور لاؤڈ اسپیکر پر اعلانات پر بھی پابندی ہوگی، کھالیں جمع کرنے کے لیے بینرز لگانے پر بھی پابندی ہوگی۔
نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ صرف رجسٹرڈ مدارس اور تنظیموں کو کھالیں جمع کرنے کا اجازت نامہ دیا جائے گا جن تنظیموں پر پابندی ہے اور وہ کھالیں جمع نہیں کر سکیں گی۔
صوبائی محکمہ داخلہ نے کہا ہے کہ عید قرباں پر اسلحے کی نمائش پر بھی پابندی عائد ہو گی اور عید کے تینوں روز اسلحے کے اجازت نامے منسوخ ہوں گے۔
خیال رہے گزشتہ روز وزارت قومی صحت نے عید الاضحیٰ کے موقع پر مویشی منڈیوں سے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے خدشے کے پیش نظر گائیڈ لائنز جاری کی ہیں جن میں ایس او پیز پر سختی سے عمل درآمد کی ہدایت کی گئی ہے۔
یہ گائیڈ لائنز مویشی منڈی، نماز عید، قربان گاہوں سے متعلق ہیں، جن میں کہا گیا ہے کہ مویشی منڈی میں موجودگی کے دوران ماسک پہننا لازم ہو گا جبکہ مویشی منڈی کے داخلی مقامات پر آنے والوں کا بخار چیک کیا جائے گا اور سینیٹائزر کا انتظام کیا جائے گا جب کہ مویشیوں کے بیوپاری اور خریدار کے لیے ویکسینیشن بھی لازم ہے۔