غزہ میں محصورفلسطینی نے بیٹی کے علاج کے لئے عمران خان سے مدد مانگ لی

07:50 PM, 30 Jun, 2021

غزہ : فلسطینی شہری نے بیمار بیٹی کے علاج کے لئے وزیراعظم عمران خان سے مدد مانگ لی ۔ 

گذشتہ 14 سال سے  محصور فلسطین کے علاقے غزہ کے رہائشی یوسف حسن کی 15 سالہ بیٹی وَلاء یوسف ہڈیوں کی بیماری (Multiple arthrogryposis)  میں مبتلا ہے ۔

'اس بیماری میں ہڈیوں کی نشونما بے تربیب ہونے لگتی ہے جس کے باعث مریض چلنے پھرنے حتیٰ کہ اٹھنے بیٹھنے کے بھی قابل نہیں رہتا'۔

ولاء یوسف کی خالہ نے ٹوئٹر پر یوسف حسن کا خط اور باپ بیٹی کی تصاویر شیئر کی ہیں، خط میں یوسف حسن نے وزیراعظم عمران خان سے اپیل کی ہے کہ وہ وَلا ء کے علاج میں مدد فراہم کریں تاکہ ان کی بیٹی دیگر بچوں کی طرح نارمل زندگی گزارسکے۔

 یوسف حسن کا کہنا ہےکہ  اس کی بیٹی کا علاج پاکستان میں باآسانی ہوسکتا ہے، کراچی کے جناح اسپتال سمیت دیگر اسپتالوں میں اس بیماری کے علاج کی سہولت موجود ہے۔

ٹوئٹر پر پوسٹ کرتے ہوئے ولاء کی خالہ نے وزیراعظم سمیت وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی، گورنر سندھ عمران اسماعیل اور پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے بھی اپنی بھانجی کے علاج میں مدد فراہم کرنے کی درخواست کی ہے۔

واضح رہےکہ  فلسطین کا محصور علاقہ غزہ گذشتہ 14 سالوں سے اسرائیل کی غیر قانونی ناکہ بندی کا شکار ہے ، اسرائیلی محاصرے کے باعث غزہ کے 20  لاکھ سے زائد شہری دنیا کی سب سے بڑی جیل  میں رہنے پر مجبور ہیں۔

مزیدخبریں