لاہور:صوبائی وزیر قانون راجہ بشارت نے کہا ہے کہ جوہر ٹائون دھماکے میں غیر ملکی ہاتھ ملوث ہونے کے معاملے پر پنجاب حکومت تحقیقات کررہی ہے اوربہت جلد اصل محرکات تک پہنچ جائیں گے۔
راجہ بشارت کا کہنا تھا ،دہشتگردی کے واقعہ میں جس کے جہاں بھی تانے بانے ہوں گے انہیں ختم کریں گے، جوہر ٹائون بم دھماکے پر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے بہت جلد کامیابی حاصل کی ہے ،تین سال سے سردار عثمان بزدار کی حکومت نے اداروں کو مضبوط کیا، ماضی میں پولیس کو ہمیشہ روایتی طورپر سیاست کے لئے استعمال کیاگیا ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اللہ کے فضل و کرم سے بجٹ پاس ہو چکاہے، اپوزیشن کی بجٹ پرکٹوتی کی بہت کم تحاریک آئیں جس کی تاریخ میں مثال نہیں ملتی، اپوزیشن ایوان کی بجائے میڈیا میں بجٹ پر شور مچاتی ہے ،اسے مثبت کردار ادا کرنا چاہیے ۔