ممبئی : نامور بالی ووڈ اداکارہ مندرا بیدی کے شوہر پروڈیوسر راج کوشل دل کا دورہ پڑنے سے ہلاک ہوگئے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق راج کوشل کی موت کی تصدیق ان کے قریبی دوست اور فلمساز اونیر نے سوشل میڈیا پر کی اور لکھا ’’تم جلدی چلے گئے‘‘۔ انہوں نے مزید لکھا کہ راج میری پہلی فلم ’’مائی برادر نکھل‘‘ کے پروڈیوسر تھے اور وہ ان چند لوگوں میں سے تھے جنہوں نے ہم پر یقین کیا اور ہمیں سپورٹ کیا۔ بالی ووڈ فنکار پروڈیوسر راج کوشل کی اچانک موت پر افسوس کا اظہار کررہے ہیں۔
واضح رہے کہ اداکارہ مندرا بیدی نے 1995 کی سپر ہٹ فلم ’’دل والے دلہنیا لے جائیں گے‘‘ میں پریتی کا ثانوی کردار ادا کیا تھا اور اس کردار سے بے حد شہرت حاصل کی تھی۔ بعدازاں مندرا بیدی اور راج کوشل نے 1999 میں شادی کی تھی دونوں کے دو بچے بیٹا ویر اور بیٹی تارا ہیں۔ دونوں نے بیٹی تارا کو گود لیا تھا۔
راج کوشل فلم پروڈیوسر کےعلاوہ مصنف اور ہدایت کار تھے اور انہوں نے ’’پیار میں کبھی کبھی‘‘، ’’شادی کا لڈو‘‘ اور ’’انتھونی کون ہے‘‘ جیسی فلمیں بنائی تھیں۔