کراچی: جامعہ بنوریہ نیوٹاؤن کے مہتمم مولانا ڈاکٹر عبدالرزاق سکندر انتقال کر گئے ہیں جس پر مختلف مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد کی جانب سے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا جا رہا ہے۔
تفصیلات مطابق انتظامیہ جامعہ بنوریہ کی جانب سے جاری بیان میں مولانا عبدالرزاق کے انتقال کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ علامہ مرحوم بنوری ٹاؤن میں شیخ الحدیث کی خدمات انجام دے رہے تھے۔
انتظامیہ کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ ڈاکٹر عبدالرزاق سکندر صدر وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے عہدے پر بھی خدمات انجام دے رہے تھے۔ علامہ عبدالرزاق سکندر کو مفتی نظام الدین شامزئی کی شہادت کے بعد جامعہ بنوریہ نیو ٹاؤن کے شیخ الحدیث مقرر کیا گیا تھا۔
گورنر سندھ عمران اسماعیل نے مولانا عبدالرزاق سکندر کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ان کے درجات کی بلندی کیلئے دعا اور اہل خانہ کیساتھ یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔