سٹیٹ بینک آف پاکستان کا یکم جولائی کو چھٹی کا اعلان

02:15 PM, 30 Jun, 2021

کراچی: سٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) نے یکم جولائی 2021ءکو چھٹی کا اعلان کیا ہے جس کے باعث اس روز ملک بھر میں بینک بند رہیں گے۔ 
اس حوالے سے جاری کردہ اعلامیہ میں بتایا گیا ہے کہ یکم جولائی کو سٹیٹ بینک اور اس کی تمام برانچیں بند رہیں گی اور ملک بھر میں سرکاری اور نجی بینک بھی پبلک ڈیلنگ کیلئے بند رہیں گے تاہم بینکوں کے ملازمین کو چھٹی نہیں ہو گی۔
دوسری جانب سٹیٹ بینک آف پاکستان بینکنگ سروسز کارپوریشن کا کہنا ہے کہ سرکاری وصولیوں، ڈیوٹیز اور ٹیکسز کی وصولی میں سہولت دینے کی غرض سے تمام فیلڈ دفاتر اور نیشنل بینک آف پاکستان (این بی پی) کی مجاز برانچیں توسیع شدہ بینکاری اوقات کے مطابق بدھ 30 جون 2021ءکو شام 8 بجے تک کھلی رہیں گی اور اسی دن شام 8 بجے خصوصی کلیئرنگ کا اہتمام کیا گیا ہے۔
اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ ایس بی پی بینکنگ سروسز کارپوریشن کی جانب سے تمام بینکوں کو ہدایت کی جاتی ہے کہ وہ بدھ 30 جون 2021ءکو اپنی متعلقہ شاخیں اس وقت تک کھلی رکھیں جو سرکاری لین دین کی خصوصی کلیئرنگ میں سہولت دینے کیلئے ضروری ہے۔

مزیدخبریں