سرحد پار اگر حالات بگڑ گئے تو اثر پاکستان پر بھی ہو گا: خواجہ آصف

Pakistan, border, India, Afghanistan, Khawaja Asif, PTI government

اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما اور رکن قومی اسمبلی خواجہ آصف نے کہا کہ ایوان میں اندرونی یا خارجی مسائل پر کوئی بحث نہیں ہوئی ، سرحد پار اگر حالات بگڑ گئے تو اثر پاکستان پر بھی ہو گا ۔

قومی اسمبلی میں اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ کل کی کارروائی میں ووٹ کی عزت پامال ہوئی ، ایوان چلانے کی ذمہ داری حکومتی پارٹی پر عائد ہے ۔ جس طرح ایوان چلا ہے ان کی عزت میں کمی آئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ رولز کو فالو کیا جاتا تو کرسی اور ایوان کا وقار بلند ہوتا لیکن یہاں جمہوری روایات کو سبوتاژ کیا گیا ۔

رکن قومی اسمبلی نے کہا کہ ہم 22 کروڑ عوام کی خواہشوں کا مظہر ہیں ، اپوزیشن اپنی ذمہ داری پوری کرنے پر تیار ہے ۔ حکومت کے رویے میں جمہوری تبدیلی ان کے اپنے حق میں بہتر ہے ۔ حکومت ایسی تبدیلی لائے جو جمہوریت کے مفاد میں ہو ۔

انہوں نے کہا کہ ملک کی بنیاد جمہوریت پر رکھی گئی تھی اس لیے جمہوری کلچر کو فروغ دیا جائے ۔ جمہوری اقدار تنزلی کا شکار ہیں ، پہلی ذمہ داری اسپیکر اور حکومتی بنچز کی ہے ۔