نئی دہلی: بھارت کے کامیڈی کنگ کپل شرما نے اپنے مزاحیہ پروگرام ’دی کپل شرما شو‘ کے تیسرے سیزن کیلئے اپنے معاوضے میں اچانک اضافہ کر دیا ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارت میں کورونا بحران کے باعث عارضی طور پر بند کیا جانے والا کپل شرما کا کامیڈی شو آئندہ ماہ نشر کیا جائے گا جبکہ اس کیساتھ ہی یہ دعویٰ بھی کیا جا رہا ہے کہ کپل شرما نے تیسرے سیزن کیلئے اپنا معاوضہ بھی بڑھا دیا ہے۔
رپورٹس کے مطابق پچھلے سیزنز میں کامیڈین ایک قسط کے 30 لاکھ روپے لیتے تھے لیکن اب تیسرے سیزن میں انہوں نے اپنا معاوضہ 50 لاکھ کردیا ہے۔ کورونا بحران کے باعث عارضی طور پر بند کئے جانے والے شو کے حوالے سے کپل شرما کا کہنا تھا کہ وہ بچے کی پیدائش کے باعث شو سے دور ہیں لیکن دوسرے بچے کی پیدائش کے بعد بھی اب تک پروگرام دوبارہ نشر نہیں کیا گیا۔
واضح رہے کہ کپل شرما کے شو میں پاکستان سے اب تک وسیم اکرم بمعہ اہلیہ شنیرا اکرم، شعیب اختر، راحت فتح علی خان، فواد خان اور شعیب ملک بمعہ اہلیہ ثانیہ مرزا، مومل شیخ سمیت دیگر ممتاز شخصیات شرکت کرچکی ہیں۔ کپل شرما شو کو پاکستان میں بھی بے حد پسند کیا جاتا ہے جس کی ابتدا میں پاکستانی فنکار نسیم وکی بھی اس کا حصہ بنے تھے۔