لاہور: یورپی یونین کی ائیرسیفٹی ایجنسی نے پاکستان انٹر نیشنل ائیر لائنز کی یورپی ملکوں کیلئے فضائی آپریشن کا اجازت نامہ 6 ماہ کیلئے معطل کر دیا۔ معطلی کا اطلاق یکم جولائی 2020 کو رات 12 بجے یو رپی وقت کے مطابق شروع ہوگا۔
یورپی ائیر سیفٹی ایجنسی کے فیصلے کے بعد پی آئی اے کی یورپ کیلئے تمام پروازیں عارضی طور پر منسوخ کر دی گئیں جن مسافروں کے پاس پی آئی اے کی بکنگ ہے وہ بکنگ آگے کروا سکتے ہیں یا ریفنڈ لے سکتے ہیں۔
ترجمان پی آئی اے کا کہنا ہے کہ پی آئی اے یورپی ائیر سیفٹی ایجنسی کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے اور ان کے خدشات کو دور کرنے کیلئے اقدامات اٹھا رہا ہے۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ ہمیں امید ہے کہ حکومتی اور انتظامیہ کی جانب سے لیے گئے اقدامات کے باعث معطلی جلد ختم ہو گی۔
خیال رہے کہ گذشتہ دنوں وزارت ہوابازی نے 262 مشکوک پائلٹس کی فہرست جاری کی تھی، اس حوالے سے وفاقی وزیر غلام سرور خان کا کہنا تھا کہ 148مشکوک لائسنس کی لسٹ پاکستان انٹرنیشنل ائیرلائنز ( پی آئی اے) کو بھجوا دی گئی اور انہیں ہوا بازی سے روک دیا گیا ہے جبکہ دیگر مشکوک لائسنس والے پائلٹس 100 سے زائد ہیں۔ ان کی تفصیلات بھی سول ایوی ایشن ویب سائٹ پر بھیج دی ہیں۔