سید علی گیلانی کا حریت کانفرنس سے علیحدگی کا اعلان

06:16 PM, 30 Jun, 2020

سری نگر: کشمیری رہنما سید علی گیلانی نے آل پارٹیز حریت کانفرنس سے علیحدگی کا اعلان کر دیا۔ غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق سید علی گیلانی نے اپنے فیصلے کے حوالے سے حریت ممبران کو ایک تفصیلی خط کے ذریعے آگاہ کیا جس میں انہوں نے لکھا کہ میں کل جماعتی حریت کانفرنس کی موجودہ صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے اس فورم سے مکمل علیحدگی اختیار کرنے کا اعلان کرتا ہوں۔

سید علی گیلانی نے کسی کا نام لیے بغیر قائدین اور ارکان کو لکھا کہ تاریخی قدغنوں اور زیرِحراست ہونے کے باوجود میں نے آپ حضرات کو بہت تلاش کیا، پیغامات کے ذریعے رابطہ کرنے کی مسلسل کوشش کی مگر کوئی بھی کوشش بار آور ثابت نہیں ہوئی اور آپ تلاش کے باوجود نہیں ملے۔

انہوں نے اپنے خط میں مزید کہا کہ مستقبل کے حوالے سے لائحہ عمل پیش کرنے اور ان حالات میں قوم کی رہنمائی کرنے میں میری صحت اور نہ ہی ایک دہائی کی حراست کبھی میرے سامنے حائل ہوئی۔سید علی گیلانی نے حریت کانفرنس سے علیحدگی کی وجوہات کی تفصیلات ظاہر نہیں کیں۔

انہوں نے 47 سیکنڈ کی ایک مختصر آڈیو بھی جاری کی جس میں انہوں نے حریت کانفرنس سے ’مکمل علیحدگی‘ اختیار کرنے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ اس سلسلے میں حریت کانفرنس کی تمام اکائیوں کے نام خط ارسال کرکے انہیں مطلع کیا گیا ہے۔

مزیدخبریں