ریاض: اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) نے پاکستان سٹاک ایکسچینج پر دہشت گرد حملے کی شدید مذمت کی ہے۔سعودی سرکاری خبر رساں ادارے کے مطابق اسلامی تعاون تنظیم کے ہیڈ کوارٹر جدہ سے او آئی سی کے جنرل سیکریٹری ڈاکٹر یوسف بن احمد العثیمین نے تشدد کی ہر شکل کو مسترد کرتے ہوئے موقف کا اظہار کرتے ہوئے کہا حکومت پاکستان اور عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہیں، دہشت گردانہ حملے کو روکنے کی کارروائی میں ہلاک شدگان کے اعزہ سے دلی تعزیت اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لیے دعا کی ہے۔
ڈاکٹر یوسف نے ہر طرح کی دہشت گردی، شدت پسندی اور انتہا پسندی کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسلامی تعاون تنظیم کی جانب سے دہشت گردی کے انسداد کے لیے پاکستان کے ساتھ ہمیشہ تعاون جاری رہے گا۔
واضح رہے کہ پاکستان سٹاک مارکیٹ کے مرکزی دفتر پر 4 دہشت گردوں کی جانب سے حملے کی کوشش کی گئی تھی۔ سیکیورٹی فورسزنے حملے کی اس کوشش کو پسپا کرتے ہوئے چار وں دہشت گردوں کو بلڈنگ کے باہر ہی ہلاک کر دیا تھا۔
یاد رہے کہ کارروائی میں سب انسپکٹر سمیت راہگیر اور 3 سیکیورٹی گارڈ شہید ہو گئے تھے۔