لاہور:پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے پاکستان مسلم لیگ(ن)کے سابق رہنما چوہدری عبدالغفور کو پارٹی میں شمولیت کی دعوت دے دی۔
چند دن قبل (ن) لیگی رہنما اور سابق ایم پی اے چوہدری عبد الغفور نے پارٹی اختلاف کے باعث 28 سالہ رفاقت ختم کرنے کا اعلان کیا تھا۔ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے چوہدری عبدالغفور سے ٹیلی فونک رابطہ کیا اور انہیں باقاعدہ پارٹی میں شمولیت کی دعوت دی ۔ چوہدری عبدالغفور کے مطابق عمران خان نے ان سے گفتگو میں کہا کہ آپ بہادر آدمی ہیں اور ہمیں آپ کی ضرورت ہے۔ چوہدری عبد الغفور کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی میں جانے کا فیصلہ کرچکا ہوں اور عمران خان نے وعدہ کیا کہ گھر آکر پارٹی میں شمولیت کی دعوت دیں گے۔
یاد رہے کہ زعیم قادری کے بعد چوہدری عبدالغفور نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے شہباز شریف اور حمزہ شہباز کو بے نقاب کرنے کااعلان کیا اور (ن) لیگ پر ٹکٹیں بیچنے کا بھی الزام عائد کیا تھا۔انہوں نے کہا کہ ہم نے ہر مشکل وقت میں پارٹی کا ساتھ دیا لیکن پارٹی ٹکٹوں کی خرید و فروخت ہوئی اور گونگوں بہروں کو ٹکٹوں سے نوازا گیا۔