سیالکوٹ : سیالکوٹ میں دریائے چناب میں نچلے درجے کا سیلاب آگیا اور ہیڈمرالہ کے مقام پر پانی کی آمد ایک لاکھ دو سو پنتالیس کیوسک ہوگئی ،
محکمہ ایری گیشن الرٹ ہے اور پانی کی مانیٹر نگ جاری ہے ،مقبوضہ کشمیر میں غیر قانونی تعمیر شدہ بگلیہارڈیم سے پانی چھوڑے جانے کی وجہ سے دریائے چناب میں نچلے درجے کا سیلاب ہے اور پانی کی آمد ایک لاکھ کیوسک سے بڑھ گئی، محکمہ ایری گیشن کے مطابق دریائے چناب سے گیارہ لاکھ کیوسک پانی گزرنے کی گنجائش ہے تاہم اس وقت نچلے درجے کا سیلاب ہے اور پانی کی مانیٹرنگ جاری ہے جس کے بارے رپورٹس ہر آدھے گھنٹہ بعد حکام کو بھجوائی جارہی ہے ،
دریائے چناب سے ہیڈمرالہ کے مقام سے نکلنے والی نہر اپرچناب میں بارہ ہزار آٹھ سو کیوسک اور نہر مرالہ راوی لنک میں پندرہ ہزار کیوسک پانی چھوڑا گیا ہے ، بھارت نے 1960ء میں پاکستان کے ساتھ ہونے والے سندھ طاس معاہدہ کی خلاف ورزی کرتے ہوئے آٹھ ماہ سے دریائے چناب کا پانی مقبوضہ کشمیر میں غیر قانونی تعمیر شدہ بگلیہاڈیم پر روک رکھا تھااورسات ہزار کیوسک پانی چھوڑا جارہا تھا.
تاہم حالیہ بارشوں کے بعد دریائے چناب کا پانی بڑھ کر رواں ماہ 35ہزار کیوسک تک پہنچ گیا تھا حالانکہ سندھ طاس معاہدہ کے تحت بھارت ہر لمحہ دریائے چناب میں55ہزار کیوسک پانی چھوڑنے کا پابند ہے ،