اسلام آباد: موبائل کمپنی موبی لنک کو فور جی سپیکٹرم لائسنس دے دیا گیا ہے، فور جی سپیکٹرم لائسنس ایوارڈ کی تقریب میں وزیر خزانہ اسحاق ڈار وزیر مملکت انفارمیشن ٹیکنالوجی انوشہ رحمان اور موبائل کمپنی موبی لنک کے اہم حکام نے شرکت کی۔
اس موقع پر وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا کہ وزیر اعظم کے وژن کے مطابق ڈیجیٹل پاکستان کا خواب شرمندہ تعبیر ہو رہا ہے دنیا کی ترقی کے ساتھ ساتھ پاکستان کو آگے لیکر جانا چاہتے ہیں۔ وزیر خزانہ نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ موجودہ دور حکومت میں یہ مسلسل تیسری سپیکٹرم نیلامی ہے4جی لائسنس کی اس نیلامی سے قومی خزانہ میں 250ارب روپے جمع ہوں گے۔ موبی لنک کمپنی نے تمام واجبات ادا کر دیے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے اپنے منشور میں قوم کے ساتھ ڈیجیٹل پاکستان کا وعدہ کیا تھا اور ہم نے آتے ہی اس موقع پر توجہ دی اور پہلے ہی سال 2014میں نیلامی کی اور اب یہ تیسری سپیکٹرم نیلامی ہے الحمدوللہ پاکستان بڑی تیزی کے ساتھ سفر طے کر رہا ہے میں نیلامی جیتنے والوں اور وزیر مملکت انوشہ رحمان اور پی ٹی اے کو حکومت اور وزیر اعظم کی طرف سے مبارکباد دیتا ہوں، پی ٹی اے ٹیم نے چار سالوں میں بہت محنت کی ہے جس کے لیے میں اسے خراج تحسین پیش کرتا ہوں ۔ڈیجیٹل پاکستان بنانے کے لیے جو سفر طے کرنا ہے اس میں کافی حد تک کامیاب ہوئے ہیں انشاء اللہ باقی سفر بھی کامیابی سے طے ہو گا۔
وزیر خزانہ نے کہا کہ یہ نیلامی اس حوالے سے بھی بڑی اہمیت کا حامل ہے کہ آج 30جون ہے اور مالی سال 2016-17بند ہوا ہے ہمارا یہی ہدف تھا کہ ہم اسے اس مالی سال میں مکمل کریں گے ہم کامیاب ہوئے ہیں الحمدوللہ ڈیجیٹل پاکستان کی جانب تیزی سے بڑھ رہے ہیں انہوں نے کہا کہ موبائل کمپنی نے اپنے واجبات ادا کر دیے ہیں۔
اس موقع پر انوشہ رحمان نے کہا کہ میں پورے پاکستان کو مبارکباد پیش کرتی ہوں کہ وزیر اعظم نواز شریف نے ترقی کا جو سفر شروع کیا اس کا ایک بڑا حصہ ڈیجیٹل پاکستان کا خواب تھا جو پورا ہوتا نظر آرہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے آتے ہی وزیر اعظم کی قیادت میں آتے ہیں پہلے 10ماہ کے اندر اندر پاکستان کی پہلی سپیکٹرم نیلامی کا شفاف انداز میں انعقاد کیا اور پاکستان میں نہ صرف 3جی بلکہ 4جی کا بیج بھی بو دیا اس کے بعد دوسری اور اب تیسری نیلامی ہے، پاکستان میں سپیکٹرم لائسنس کی نیلامی کو دنیا بھر میں سراہا گیا ڈیجیٹل پاکستان کے سفر میں میڈیا کا کردار بھی لائق تحسین ہے۔