سرگودھا: مظفر گڑھ سے حکومت مخالف ایم این اے جمشید دستی جو کہ مختلف مقدمات میں گرفتار ہو کر سرگودھا جیل میں بند ہیں سے ان کی والدہ اور بہن نے ملاقات کی، اس دوران سکیورٹی کے سخت اقدامات تھے۔
ملاقات کے بعد جمشید دستی کی ہمشیرہ نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ حق کی آواز اٹھانے پر اس کے بھائی کو انتقامی کارروائی کا نشانہ بنایا جا رہا ہے، اگر انصاف نہ ملا تو وہ وزیر اعظم میاں نواز شریف کے گھر کے سامنے خود سوزی کر یں گی۔
انہوں نے کہا کہ وہ کینسر جبکہ والدہ دل کی مریضہ ہے جو کہ جمشید دستی سے ملاقات کیلئے کئی ہفتوں سے ذلیل و خوار ہو رہی تھیں، چیف جسٹس سپریم کورٹ اور چیف جسٹس ہائی کورٹ کی طرف سے نوٹس لئے جانے پر وہ ان کی شکر گزار ہیں اور میڈیا نے بھی جس طرح حق سچ کی آواز بلند کی وہ بھی قابل ستائش ہے۔
انہوں نے کہا کہ ان پر ظلم و ستم کے پہاڑ توڑے جا رہے ہیں اور عدلیہ کی طرف سے نوٹس لئے جانے پر اب انہیں انصاف کی امید ہے۔