این ٹی ڈی سی واپڈا کا ڈیفالٹر نہیں، واجبات باقاعدگی سے ادا کر رہے ہیں: ترجمان

05:14 PM, 30 Jul, 2024

لاہور:  نیشنل ٹرانسمیشن اینڈ ڈسپیچ کمپنی  لمیٹڈ (این ٹی ڈی سی) کے ترجمان نے "ڈیفالٹر این ٹی ڈی سی کو واپڈا ہاؤس سے باہر نکال دیا گیا" کی ہیڈ لائن کے ساتھ بعض ویب سائٹس پر جاری ہونے والی ایک خبر پر اپنے ردعمل میں واضح کیا ہے کہ یہ سراسر غلط بیانی ہے.

 این ٹی ڈی سی، پاور سیکٹر کے دیگر اداروں کی طرح، واپڈا ہاؤس میں اپنے دفاتر کی جگہ کے عوض واپڈا بلڈنگ سرکل کے ساتھ باہمی اتفاق رائے سے طے شدہ سروس چارجز باقاعدگی سے اور بروقت ادا کر رہا ہے۔ این ٹی ڈی سی کی جانب سے واپڈا حکام کو لکھے گئے خط میں بھی معاملے پر اپنا موقف واضح کر دیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ چند روز قبل نشر ہونے والی اس خبر میں کہا گیا تھا کہ این ٹی ڈی سی واپڈا کے لاکھوں روپے کا "ڈیفالٹر" نکلا ہے جس کے بعد واپڈا اتھارٹی نے این ٹی ڈی سی کو یکم ستمبر تک لاہور میں واقع واپڈا ہاؤس میں اپنے تمام دفاتر خالی کرنے کا نوٹس دے دیا ہے۔

واپڈا نے این ٹی ڈی سی سے کہا تھا کہ کرائے اور دیگر معاملات کی مد میں اتھارٹی کے 520 ملین روپے بھی واجب الادا ہیں۔ خبر کے مطابق واپڈا نے این ٹی ڈی سی کو 520 ملین روپے ادائیگی کا نوٹس بھی جاری کیا، جس میں یکم ستمبر تک دفاتر خالی کرنے سے قبل رقم جمع کرانے کی ہدایت کی گئی۔ واپڈا نے کہا کہ اسے اپنی بلڈنگ ہونے کے باوجود اپنے افسران کے لیے دوسری جگہوں پر دفاتر کا بندوبست کرنا پڑ رہا ہے۔

واضح رہے کہ واپڈا ہائوس لاہور میں واپڈا کے ساتھ ساتھ این ٹی ڈی سی، پی آئی ٹی سی اور پی پی ایم سی جیسے پاور سیکٹر کے دیگر اداروں کے دفاتر بھی قائم ہیں۔

مزیدخبریں