پی سی بی چیئرمین محسن نقوی اگلے 2 سال کیلئے ایشین کرکٹ کونسل کے نئے صدر ہوں گے

پی سی بی چیئرمین محسن نقوی اگلے 2 سال کیلئے ایشین کرکٹ کونسل کے نئے صدر ہوں گے

لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین محسن نقوی اگلے سال ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) کے صدر بن جائیں گے، یہ عہدہ 2 سال پاکستان کے پاس رہے گا۔

ایشین کرکٹ کونسل کی صدارت آئندہ 2 سال کے لیے پاکستان کو ملے گی جس کے تحت چیئرمین پی سی بی محسن نقوی اے سی سی کے نئے صدر ہوں گے۔ بھارتی کرکٹ بورڈ ( بی سی سی آئی) کے سربراہ جے شاہ اس وقت ایشین کرکٹ کونسل کے صدر ہیں اور ان کی معیاد اگلے سال ختم ہوجائے گی۔

روٹیشن پالیسی کے تحت اس مرتبہ پی سی بی کا چیئرمین ایشین کرکٹ کونسل کا صدر بنے گا جس کی معیاد دو سال ہوگی۔

  

یاد رہے کہ محسن نقوی کو رواں سال کے شروع میں پاکستان کرکٹ بورڈ کا چیئرمین مقرر کیا گیا تھا، ان کے دور میں پاکستان کرکٹ ٹیم نے امریکا اور ویسٹ انڈیز میں ہونے والے ٹی20 ورلڈکپ میں بدترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور گروپ مرحلے میں ہی ایونٹ سے باہر ہوگئی۔

اس سے قبل، ایشین کرکٹ کونسل نے ایشیاکپ 2025 کی میزبانی بھارت کو سونپی تھی، ٹی20 فارمیٹ پر ہونے والے ایونٹ کی میزبانی بھارت کو 34 سال بعد ملی ہے، جب کہ 2027 کے ایشیا کپ کی میزبانی بنگلہ دیش کرے گا۔

مصنف کے بارے میں