اسلام آباد: عدالتی حکم کے باوجود پی ٹی آئی کی احتجاج کی اجازت کی درخواست پر فیصلہ نہ کرنے پر توہینِ عدالت کی درخواست پر اسلام آباد ہائیکورٹ نے سیکرٹری داخلہ، چیف کمشنر، ڈپٹی کمشنر اور آئی جی کو نوٹس جاری کر دیا ۔
اسلام آباد ہائیکورٹ میں عدالتی حکم کے باوجود پی ٹی آئی کی احتجاج کی اجازت کی درخواست پر فیصلہ نہ کرنے پر توہینِ عدالت کی درخواست پر سماعت ہوئی۔جسٹس ثمن رفعت امتیاز نے پی ٹی آئی کی درخواست پر اعتراضات دور کر کے نوٹس جاری کیے۔
اسلام آباد ہائیکورٹ نے سیکرٹری داخلہ، چیف کمشنر، ڈپٹی کمشنر اور آئی جی کو نوٹس جاری کر دیا ۔
پی ٹی آئی وکیل شعیب شاہین کا کہنا تھا کہ ہمیں گزشتہ روز اسلام آباد میں احتجاج کی اجازت نہیں دی گئی، ہمیں کل توہینِ عدالت کی درخواست دائر کرنے کے بعد ڈی سی کا آرڈر موصول ہوا۔ ڈپٹی کمشنر نے درخواست دائر کرنے کے بعد ہماری درخواست مسترد کرنے کا آرڈر بھیجا۔
بعد ازاں عدالت نے نوٹس جاری کرتے ہوئے کیس کی سماعت کل تک ملتوی کر دی۔