بورے والا: خنجر سے بیٹی کی آنکھیں نکالنے والا نشئی باپ پولیس حراست میں مارا گیا

11:28 AM, 30 Jul, 2023

نیوویب ڈیسک

بورے  والا : بورے والا    میں بیوی اور بچوں پر تشدد کرنے والا سفاک ملزم مارا گیا۔ گرفتار ملزم نے پولیس سےپستول چھیننے کی کوشش کی  تو گولی چل گئی۔

نیو نیوز کے مطابق بورے والا میں بیوی اور بچوں کو اسلحے کے زور پر یرغمال بنا کر تشدد کا نشانہ بنانے والا آئس کے نشے کا عادی ملزم قاضی احمد پولیس کی حراست میں مبینہ طور پر ہلاک ہو گیا۔

ملزم قاضی احمد نے اپنی بیوی بچوں کو 3 ماہ سے یرغمال بنا رکھا تھا جس کے دوران انہیں شدید تشدد کا نشانہ بھی بنایا تھا۔ پولیس نے 4 روز قبل 15 گھنٹے کے طویل آپریشن کے بعد بیوی اور بچوں کو بازیاب کراتے ہوئے ملزم کو گرفتار کر لیا تھا۔

پولیس کے ترجمان کے مطابق گزشتہ شب ملزم کو اس کے گھر ایم بلاک سے خنجر اور پستول کی برآمدگی کے بعد واپس لے جایا جا رہا تھا کہ اس نے پولیس کانسٹیبل سے سرکاری گن چھیننے کی کوشش کی جس کے دوران کشمکش میں گولی چل جانے سے وہ شدید زخمی ہو گیا۔

زخمی ملزم کو فوری طور پر تحصیل ہیڈ کوارٹرز ہسپتال لے جایا گیا لیکن وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے راستے میں ہی چل بسا۔

واضح رہے کہ ملزم قاضی احمد اپنی بیوی شاہین، 6 سالہ بیٹے علی، 13 سالہ بیٹی ایمن فاطمہ، 10 سالہ بیٹی عدن فاطمہ اور 8 سالہ بیٹی فاطمہ کو بدترین تشدد کا نشانہ بناتا رہا تھا جس کے نتیجے میں اس کی 13 سالہ بیٹی ایمن فاطمہ کی آنکھیں ضائع ہو گئی تھیں۔

مزیدخبریں