مون سون بارشوں نے تباہی مچادی، سیلابی ریلوں میں گاڑیاں بہہ گئیں،کئی دیہات زیر آب،دریائے سندھ میں سیلاب

11:04 AM, 30 Jul, 2023

نیوویب ڈیسک

اسلام آباد : مون سون بارشوں  نے  ملک بھر میں تباہی  مچا دی۔  پانی کے ریلے راستے میں آنے والی ہر شے بہا لے گئے ۔ کوئٹہ  میں  عبدوئی کے علاقے میں گاڑیاں  سیلابی ریلے میں بہہ گئیں۔

بلوچستان کے علاقے  قلات ، خاران ، آواران ، پنجگور اور لسبیلہ کے اضلاع میں سیلاب اور بارشوں سے املاک اور فصلوں کو نقصان پہنچا۔  

راجن پور میں کوہ سلیمان سے آنے والے سیلابی ریلے نے کئی  دیہات  کو ڈبو دیا۔ ہزاروں ایکڑ پر کپاس کی فصل تباہ  ہوگئی۔ چھاچھڑ نالا کا کمزور بند  ٹوٹ گیا ۔   پانی تیزی سے راجن پور کی طرف بڑھنے لگا ۔ 

موسلا دھار بارشوں سے دریا  بھی بپھر گئے  دریائےسندھ میں پانی کی سطح میں مسلسل اضافہ  ہو رہا ہے۔ راجن پور کےکچےکےعلاقوں میں سیلابی صورتحال ۔  متعدد دیہات زیر آب آگئے۔

پانی کی سطح بلند ہونے سے  ضلعی انتظامیہ متحرک ہوگئی۔ لائیو اسٹاک اور ریسکیو فلڈ ریلیف کیمپ قائم کردیئے ۔لیہ کے مقام پر درمیانے درجے کا سیلاب ہے۔

سیلاب سے  10 ہزار کے قریب آبادی  متاثر ہے۔ دادو کے علاقے  دو  کلہوڑو میں بند ٹوٹ گیا  ۔ سیکڑوں ایکڑ پر فصلیں زیرآب  آگئیں۔ پانی  قریبی دیہات  میں داخل  ہوگیا۔امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔ 

مزیدخبریں