اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف کے بعد اب وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری بھی متحدہ عرب امارات کا سرکاری دورہ کریں گے۔
ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق اپنے دورہ کے دوران وزیر خارجہ متحدہ عرب امارات کے وزیر خارجہ عزت مآب شیخ عبداللہ بن زید آل نہیان سے ملاقات کریں گے۔ وہ دونوں برادر ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں پر تبادلہ خیال کریں گے۔
وزیر خارجہ متحدہ عرب امارات کے صدر عزت مآب شیخ محمد بن زاید کے بھائی شیخ سعید بن زاید کے انتقال پر متحدہ عرب امارات کی قیادت سے تعزیت بھی کریں گے۔ دورہ کے موقع پر دبئی میں وزیر خارجہ مادام تساؤ میں پہلی پاکستانی شخصیت سابق وزیر اعظم محترمہ بے نظیر بھٹو شہید کے مومی مجسمے کی نقاب کشائی کی تقریب میں شرکت کریں گے۔
وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کا آئندہ دورہ متحدہ عرب امارات کے ساتھ پاکستان کی مضبوط مصروفیت اور دونوں برادر ممالک کے درمیان باہمی فائدہ مند تعاون کی عکاسی کرتا ہے۔ دونوں ممالک برادرانہ تعلقات کو مستحکم کرنے اور باہمی طور پر فائدہ مند اقتصادی شراکت داری کو مزید گہرا کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔