اسلام آباد: سابق وزیر اعظم اور مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ ملک کو مشکل سے نکالنے کیلئے آرمی چیف نے امریکا میں اپنا اثر و رسوخ استعمال کیا۔ آرمی چیف ، وزیر خزانہ ، وزیر خارجہ سب حکومت کا حصہ ہیں اور جب ملک مشکل ہے تو جس کا جہاں اثر ہوگا وہ اس کے ذریعے ملک کی بہتری کا کہے تو کوئی حرج نہیں۔
نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ جب مشکل حالات ہوتے ہیں تو سب اپنا حصہ ڈالتے ہیں ۔ آرمی چیف کے امریکی نمائندے سے بات چیت میں کوئی مضائقہ نہیں ۔ عمران خان نے جہاں ملک کو پہنچا دیا ہے چند دن میں بہتری نہیں ہوسکتی۔
انہوں نے کہا کہ حکومت میں آنے کا درست فیصلہ کیا اگر ہم حکومت نہ سنبھالتے تو آج ڈالر 400 روپے کا ہوتا ۔ حکومت اپنی مدت پوری کرے گی۔ ہمیں اکتوبرمیں انتخابات کا کہا گیا ہے اور نہ ہی پاکستان نومبر دسمبر میں ملاقات کا متحمل ہوسکتا ہے۔ پٹرول اور ڈیزل کی قیمت مفتاح اسماعیل کنٹرول کرسکتا ہے نہ ہی حکومت کر سکتی ہے۔
شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ آئی ایم ایف نےاعلان کردیا ہے اسٹاف لیول ایگریمنٹ ہو گیا ہے۔ ہم نے ملک کے مفاد میں فیصلہ کر کے سیاست کو قربان کیا اگر ہمیں مزید فیصلے کرنے پڑے تو کریں گے۔چار سال کی غفلت،کوتاہی ،کرپشن اور نااہلی چار مہینے میں دور نہیں ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی معیشت کو وہاں پہنچا دیا کہ دنیا کا کوئی ادارہ آپ پراعتماد نہیں کرتا۔ عمران خان نے آئی ایم ایف سے معاہدہ کر کے دو ہفتے بعد اس کی نفی کر دی۔عمران خان کی حکومت کے اعداد وشمار سارے غلط تھے۔ عمران خان کی حکومت 4 سال جھوٹ بولتی رہی۔میری رائے تھی کہ ہمیں حکومت نہیں بنانی چاہیے۔
شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ ہم نے اپنی سیاست کی قیمت ادا کر کے ملکی مفاد کو دیکھا۔ عمران خان نے پیٹرول قیمت خرید سے کم پربیچنا شروع کر دیا۔ آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدہ کرکے خلاف وزری کی گئی جہاں پر ملک کو پہنچا دیا تھا اس کو درست کرنا چند دنوں کی بات نہیں ہے ۔