یاسین ملک کو بھوک ہڑتال کے دوران کچھ ہوگیا تو بھارتی حکومت ذمہ دار ہوگی: مشعال ملک

11:19 AM, 30 Jul, 2022

نیوویب ڈیسک

اسلام آباد: حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک کا کہنا ہے کہ اُن کے شوہر کو بھوک ہڑتال کے دوران کچھ ہوگیا تو بھارتی حکومت ذمہ دار ہوگی ۔

اپنے ویڈیو بیان میں مشعال ملک نے کہا کہ یاسین ملک کی تہاڑ جیل میں بھوک ہڑتال کے باعث صحت تیزی سے بگڑ رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مودی سرکار اپنے ظلم بند کرے کشمیریوں کو خودارادیت کا حق اقوام متحدہ دیتی ہے ۔

واضح رہے کہ بھارتی دارالحکومت دہلی کی بدنام زمانہ تہاڑ جیل میں گزشتہ کئی دنوں سے بھوک ہڑتال پر حریت رہنما یاسین ملک کی طبیعت بگڑنے پر جیل سے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے ۔ یاسین ملک کو 22 جولائی سے بھوک ہڑتال پر رہنے کے بعد دہلی کے رام منوہر لوہیا ہسپتال منتقل کیا گیا ۔ یاسین ملک نے مقدمات میں منصفانہ ٹرائل نہ ملنے کے خلاف 22 جولائی سے تادم مرگ بھوک ہڑتال کر رکھی ہے ۔

حریت رہنما کے معاملے پر پاکستان نے بھارتی ناظم الامور کو دفتر خارجہ طلب کیا جس میں پاکستان نے پرزور احتجاج کیا اور یاسین ملک کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا ۔

مقبوضہ کشمیر میں مودی سرکار کی بے لگام فوج کی دہشت گردی کی کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے ۔ بھارتی فورسز نے نام نہاد سر آپریشن کی آڑ میں ضلع بارہ مولا میں ایک نہتے کشمیری نوجوان کو گولیاں مار کر شہید کر دیا ۔ بھارتی فوج کی ضلع کے مختلف علاقوں میں گھر گھر تلاشی کے دوران پرتشدد کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے ۔

مزیدخبریں