لاہور: امن کا دشمن اب بھارت کھیل کا بھی دشمن بن گیا ہے۔ کشمیر پریمئر لیگٓ کو ناکام بنانے کیلئے بھارت اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آیا ہے۔
ذرائع کے مطابق بھارتی کرکٹ بورڈ کی دھمکی کے باعث ٹورنامنٹ میں شریک چھ غیر ملکی کرکٹرز دستبردار ہوگئے ہیں۔
ذرائع نے بتایا کہ غیرملکی کھلاڑیوں کو بھارتی بورڈ کی جانب سے دھمکی دی گئی اور ٹورنامنٹ میں شرکت کرنے والے کھلاڑیوں کو کہا گیا کہ کشمیر گئے تو ان پر آئی پی ایل سمیت انڈین کرکٹ کے دروازے بند کردیں گے۔
ذرائع کے مطابق کھلاڑیوں کے ایجنٹ کو بی سی سی آئی کے اعلیٰ افسر نے دھمکی دی جس کے بعد غیر ملکی کھلاڑیوں نے ٹورنامنٹ میں شرکت سے معذرت کر لی۔ منتظمین نے اعلان کیا ہے کہ 6 اگست سے ٹورنامنٹ پاکستانی کھلاڑیوں کے ساتھ ہوگا۔
خیال رہے کہ کشمیر پریمیئر لیگ کا آغاز 6 اگست سے ہورہا ہے جبکہ لیگ کا فائنل 17 اگست کو مظفرآباد میں کھیلا جائے گا۔