لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے ممکنہ سیلاب سے نمٹنے کیلئے تیاریوں اور انتظامات کا جائزہ لینے سے متعلق آج اہم اجلاس طلب کر لیا ۔
صوبائی وزراء میاں محمودالرشید ، میاں خالد محمود ، چیف سیکرٹری ، پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ ، سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو ، سیکرٹریز ہاؤسنگ ، لوکل گورنمنٹ ، آبپاشی ، ڈی جی ریسکیو 1122 ، ڈی جی پی ڈی ایم اے ، ایم ڈی واسا اور متعلقہ حکام اجلاس میں شریک ہوں گے ۔
ڈویژنل کمشنرز اور ایم ڈی واساز ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کریں گے ۔ اجلاس میں فلڈ پلان کا جائزہ لیا جائے گا ۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار متعلقہ حکام کو ضروری ہدایات دیں گے ۔
واضح رہے کہ پنجاب اور خیبرپختونخوا میں بارشوں اور سیلاب نے تباہی مچادی ، پل اور گھر سیلابی ریلے میں بہہ گئے جس کے باعث متعدد افراد ہلاک ہو گئے ۔
دوسری جانب ، مون سون بارشوں کے باعث راجن پور میں کوٹ مٹھن کے قریب دریائے سندھ میں پانی کی سطح میں مسلسل اضافہ ریکارڈ کیا جا رہا ہے ۔ دریائے سندھ سے ملحقہ بستیوں میں پانی داخل ہونے کے باعث علاقہ مکین نقل مکانی پر مجبور ہو گئے ہیں ۔
ارباب اختیار کی نااہلی کے باعث سیلابی نالوں کی پشتیں بکھرپور سے چک شہید تک کمزور ہیں ، پشتیں ٹوٹنے کی وجہ سے قریبی آبادیوں اور فصلوں کو نقصان پہنچنے کا اندیشہ ہے ۔ اگر درہ کاہا سلطان اور درہ چھاچڑ پر بارش ہوئی تو عوام کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا ۔
ادھر ، عیسیٰ خیل کے پہاڑی ندی نالوں میں طغیانی سے لوک فنکار عطااللہ عیسٰی خیلوی کے گھر میں پانی داخل ہوگیا ۔