میاں شہباز شریف سخت ناراض، مسلم لیگ (ن) کی صدارت چھوڑنے کی دھمکی دیدی: ذرائع  

Mian Shahbaz Sharif angry, threatens to leave PML-N presidency: Sources
کیپشن: فائل فوٹو

لاہور: میڈیا میں زیر گردش خبروں میں یہ دعویٰ کیا گیا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کے صدر میاں شہباز شریف نے پارٹی کی صدارت چھوڑنے کی دھمکی دیدی ہے کیونکہ انھیں اس بات پر غصہ ہے آزاد کشمیر انتخابات کے دوران انھیں مکمل طور پر نظر انداز کیا گیا تھا۔

دلچسپ بات ہے کہ پاکستان کے معتبر اخبار میں یہ خبر شائع ہونے کے باوجود میاں شہباز شریف نے خود، ان کے ترجمان یا پاکستان مسلم لیگ (ن) کی قیادت اور اہم رہنماؤں کی جانب سے اس خبر کی ابھی تک تصدیق یا انکار نہیں کیا ہے اور نہ ہی اس کی ضرورت محسوس کی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ میاں شہباز شریف اس قدر ناراض ہیں کہ وہ کسی بھی وقت ن لیگ کی صدارت سے استعفیٰ دیدیں تاہم ان کے صاحبزادے حمزہ شہباز شریف فی الحال انھیں ایسا کرنے سے روک رہے ہیں۔

سیاسی حلقوں نے دعویٰ کیا ہے کہ حمزہ شہباز شریف نے اپنے والد کو تحمل کا مظاہرہ کرنے کا مشورہ دیتے ہوئے یقین دہانی کرائی ہے کہ وہ ان کے خدشات پارٹی قائد میاں نواز شریف کے سامنے ضرور اٹھائیں گے تاکہ وہ معاملے کی سنگینی کا نوٹس لیتے ہوئے اسے حل کریں۔

دوسری جانب یہ بھی کہا جا رہا ہے کہ مریم نواز شریف سے کہہ دیا گیا ہے کہ وہ آزاد کشمیر الیکشن میں شکست کے بعد اب خاموش رہیں گی۔

نجی خبر رساں ادارے کی ویب سائٹ پر چھپنے والی اہم خبر میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب، سیکرٹری جنرل احسن اقبال اور چیئرمین راجہ ظفر الحق سے اس اہم معاملے پر موقف جاننے کیلئے انھیں متعدد فون کالز کی گئیں اور رابطہ کرنے کی کوشش کی گئی لیکن ان  شخصیات نے فون اٹینڈ نہیں کیا۔