کراچی میں کورونا وائرس کا پھیلاؤ بڑھنے لگا، مکمل لاک ڈاؤن لگنے کا خدشہ  

08:27 AM, 30 Jul, 2021

کراچی: کراچی میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لئے مختلف فیصلوں پر غور کیا جا رہا ہے۔ صورتحال کے پیش نظر مکمل لاک ڈاؤن لگنے کا امکان ہے۔

اس کے علاوہ عمومی نوعیت کے پیداواری صنعتی یونٹس، مارکیٹیں اور ٹرانسپورٹ سروس بھی بند کرنے کی تجویز زیر غور ہے۔ کورونا ایس اوپیز پر عملدرآمد کے لئے وفاقی قانون نافذ کرنے والے اداروں کی مدد لی جائے گی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ کراچی میں کورونا کے پھیلاو کو روکنے کے لئے اہم اقدامات کی منظوری ٹاسک فورس دے گی۔ سندھ حکومت نے بڑے فیصلوں سے قبل سیاسی جماعتوں اور تاجر تنظیموں سے مشاورت مکمل کر لی ہے۔

جمعے کے روز کورونا ٹاسک فورس اجلاس میں تمام پارلیمانی جماعتوں کو بھی مدعو کیا گیا ہے جبکہ تاجروں اور صنعتکاروں کے نمائندے بھی ٹاسک فورس اجلاس میں شریک ہونگے۔

اعلیٰ عسکری حکام اور سول انتظامیہ کے سینئر افسران بھی صورت حال سے آگاہ کرینگے۔ پی ٹی آئی، جی ڈی اے، ایم کیو ایم اور جماعت اسلامی کے پارلیمانی لیڈرز بھی اجلاس میں مدعو ہیں۔ مکمل لاک ڈاؤن یا سخت ترین پابندیوں سے متعلق حتمی فیصلہ ٹاسک فورس اجلاس میں ہوگا۔

مزیدخبریں