لاہور: سابق ٹیسٹ کرکٹ اور اسپنر سعید اجمل نے قومی ٹیم کا کوچ بننے کی خواہش ظاہر کر دی۔ ایک بیان میں سعید اجمل نے کہا کہ پاکستان ٹیم کے لیے خدمات انجام دینا چاہتا ہوں اور خواہش ہے کہ ٹیم کی کامیابیوں میں بطور کوچ کردار ادا کروں۔
انہوں نے کہا کہ کپتان بدلنا ضروری ہے تو بابراعظم اچھے امیدوار ہیں اور کپتان بناتے وقت پرفارمنس کو دیکھیں نہ کہ انگلش بولنے کو ترجیح دی جائے۔
سابق کرکٹر نے محمد عامر کی ریٹائرمنٹ کو افسوسناک قرار دیا اور کہا ٹیسٹ کرکٹ کی اہمیت کے لیے ٹیسٹ چیمپئین شپ کرانے کا فیصلہ اچھا ہے۔
خیال رہے کہ ورلڈ کپ میں قومی ٹیم کی بدترین کارکردگی اور سیمی فائنل تک رسائی میں ناکامی کے بعد پی سی بی نے کوچنگ اسٹاف اور ہیڈ کوچ کے معاہدے میں توسیع نہ کرنے کا فیصلہ کیا جب کہ چیف سلیکٹر انضمام الحق نے بھی اپنے عہدے سے دستبرداری کا اعلان کیا۔