سڈنی :سٹار برازیلین فٹ بالر نیمار جونیئر نے میچز کے دوران انجری کا ڈرامہ کرنے کے الزامات اور تنقید کو تسلیم کیا ہے کہ وہ مایوسی کے عالم میں ایسا کر جاتے ہیں اور اس کیفیت سے نمٹنے کے لیے سیکھنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
عالمی کپ کے دوران انجری کے حد سے زیادہ ڈراموں اور جان بوجھ کر ڈائیو مارنے جیسی حرکتوں پر نیمار کو عالمی سطح پر شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا تاہم ان کی یہ کاوشیں بھی برازیل کو عالمی کپ میں فتح دلانے کے لیے ناکافی ثابت ہوئیں۔
حال ہی میں سوشل میڈیا پر اپنے سپانسر 'جلیٹ' کی ایک تشہیری ویڈیو کے دوران نیمار نے اپنی غلطی کو تسلیم کیا اور کہا کہ وہ اس رویے سے چھٹکارا پانے کے لیے کوششیں کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آپ سوچتے ہوں گے کہ میں حد سے زیادہ ڈرامہ کرتا ہوں اور کبھی کبھی ایسا ہوتا بھی ہے لیکن حقیقت یہ ہے کہ میں فیلڈ میں صحیح کھیل پیش نہیں کر پا رہا۔
نیمار نے کہا کہ میرے اندر ایک بچہ ہے، کبھی یہ دنیا کو خوش کرتا ہے اور کبھی اس کی وجہ سے دنیا چڑ جاتی ہے ، انہوں نے کہا کہ میں بہتر انسان بننے کی کوشش کر رہا ہوں اور فٹبال سے ہونے والی مایوسی کا سامنا کرنے لیے کوشاں ہوں۔
برازیلین سٹار نے کہا کہ اب وقت ہے کہ آپ کی تنقید کا سامنا کروں، اب وقت ہے کہ میں آئینے میں دیکھوں اور خود ایک نئے انسان میں بدل سکوں لیکن میں اب نئے چہرے اور دل کے ساتھ آپ کے سامنے ہوں، میں گرا ضرور ہوں لیکن کھڑے صرف وہی ہو سکتے ہیں جو کبھی گرے ہوں۔