کراچی : پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما منظور وسان نے پاکستان تحریک انصاف کی حکومت سے متعلق پیشن گوئی کر دی۔ منظور وسان کا کہنا تھا کہ آئندہ حکومت اپنی مدت پوری نہیں کر سکے گی اور محض دو سے ڈھائی سال چل سکے گی۔
انہوں نے کہا کہ آنے والی حکومت مختلف سیاسی جماعتوں سے بلیک میل ہوتی رہے گی۔ ایک بیان میں منظور وسان کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو زرداری کو اپوزیشن لیڈر بنانے کے لیے پاکستان پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن کے مابین مذاکرات ہوسکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ میں جی ڈی اے اور ایم کیو ایم والوں کا حشر خراب دیکھ رہا ہوں۔ عمران خان کی حکومت کو بڑی مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا۔منظور وسان نے بتایا کہ وزیراعلٰی سندھ کا نام تاحال فائنل نہیں ہوا اور قیادت ہی اسے فائنل کرے گی۔
خیال رہے کہ عام انتخابات سے ایک روز قبل پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما منظور وسان نے پی ٹی آئی چئیرمین عمران خان کے وزیر اعظم بننے سے متعلق پیشن گوئی کی تھی۔پیپلز پارٹی رہنما منظور وسان نے پی ٹی آئی کو ب±ری خبر سناتے ہوئے کہا تھا کہ عمران خان کبھی بھی وزیراعظم نہیں بنیں گے۔ انہوں نے کہا کہ عمران شارٹ کٹ میں وزیر اعظم بننے کی ناکام کوشش کررہے ہیں۔ اس مرتبہ کوئی بھی پارٹی تنہا حکومت بنانے کی پوزیشن میں نہیں ہوگی۔ ان کا کہنا تھا کہ چودھری نثار علی خان پیپلزپارٹی کی حکمت عملی کو مانتے ہیں۔