عمران خان سے ووٹ کی رازداری سے متعلق تحریری جواب طلب

11:03 AM, 30 Jul, 2018

اسلام آباد: الیکشن کمیشن نے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان سے ووٹ کی رازداری سے متعلق 16 اگست تک تحریری جواب طلب کرلیا۔

25 جولائی کو ووٹنگ کے دوران عمران خان نے اپنا ووٹ کیمروں کے سامنے کاسٹ کیا اور ووٹ کی رازداری کا خیال نہ رکھنے پر آج الیکشن کمیشن میں سماعت ہوئی۔ اس موقع پر عمران خان کی جانب سے ان کے وکیل بابر اعوان پیش ہوئے۔

مزید پڑھیں: چوہدری برادران آج بنی گالہ میں عمران خان سے ملاقات کریں گے

وکیل عمران خان نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ جن حالات میں الیکشن کمیشن نے انتخابات کروائے وہ قابل فخر ہے۔ انتخابات روکنے کی کوششیں ہوتی رہیں لیکن تمام حالات کے باوجود پورا پاکستان ووٹ ڈالنے نکلا۔

اس موقع پر چیف الیکش کمشنر نے بابر اعوان کو کہا کہ آپ جو کہنا چاہتے ہیں وہ لکھ کر دیں جس پر عمران خان کے وکیل نے کہا کہ ایک جملہ بولنے دیں باقی لکھ دیتا ہوں۔ فخر ہے کہ ان حالات میں الیکشن کمیشن نے انتخابات کروائے اور میں باقی لکھ کر دے دیتا ہوں۔

عمران خان کے وکیل نے الیکشن کمیشن سے استدعا کی کہ سماعت کے لیے 20 اگست کے بعد کی تاریخ رکھ دیں جس پر چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ ایک بات ہماری مانیں اور 16 اگست کو پیش ہو جائیں۔

الیکشن کمیشن نے عمران خان سے ووٹ کی رازداری نہ رکھنے پر تحریری جواب طلب کرتے ہوئے سماعت 16 اگست تک ملتوی کر دی۔

یہ خبر بھی پڑھیں: عمران خان کی نواز شریف کی جلد صحت یابی کیلئے دعا

یاد رہے کہ پولنگ کے روز چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے پولنگ افسر سے بیلٹ پیپرز لینے کے بعد وہیں اس پر مہر لگانے کے بعد اسے بیلٹ باکس میں ڈالا تھا جو خلاف ضابطہ ہے۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں

مزیدخبریں