قطرنے اپنے شہریوں اور غیرملکیوں کو حج سے روک دیا

03:42 PM, 30 Jul, 2017

مکہ : عموماََ عرب ممالک کے حالات ایسے کم ہی آئے ہیں کہ ان کے آپسی معاملات کی وجہ سے شہریوں کو حج کر نے سےروکا جائے۔تاہم 

 خلیجی ریاست قطر کے محکمہ امورنے قطری شہریوں اور ملک میں مقیم غیر ملکیوں کو سال 2017ء کے فریضہ حج کی ادائیگی سے محروم کردیا ہے۔

العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق قطری محکمہ مذہبی امور کی ویب سائیٹ پر آن لائن حج درخواستوں کی وصولی اور رجسٹریشن کا سلسلہ بند ہے تاہم عازمین حج کی آن لائن رجسٹریشن کی بندش کی کوئی وضاحت نہیں کی گئی۔

خیال رہے کہ حال ہی میں سعودی حکومت نے واضح کیا تھا کہ قطر کے عازمین حج سوائے قطری ایئرلائن کے کسی بھی دوسرے ملک کی پرواز کے ساتھ سعودی عرب کا سفر کرسکتے ہیں۔

سعودی وزارت حج وعمرہ کی طرف سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ قطر کے ساتھ سیاسی اور سفارتی کشیدگی کےباوجود قطری عازمین حج کو خوش آمدید کہا جائے گا اور انہیں دیگر عازمین حج کی طرح ہرممکن سہولت فراہم کی جائے گی۔

درایں اثناء قطر کی دہشت گردی کی معاونت کے خلاف متحد چار عرب ممالک کے وزراء خارجہ کا اجلاس کل بحرین کے دارالحکومت منامہ میں ہوا۔ یہ اجلاس اسی ماہ کے اوائل میں قاہرہ میں ہونے والے اجلاس کی سفارشات پر عمل درآمد، مشاورت اور باہمی تعاون کو بڑھانے کے لیے منعقد کیا گیا۔ اجلاس میں خطے میں سیاسی مداخلت، دہشت گردوں کی حمایت، عرب قومی سلامتی کو نقصان پہنچانے اور عالم امن کو تاراج کرنے کی سازشوں کی مذمت کی گئی۔

مزیدخبریں