مظفرآباد: آزاد جموں و کشمیر حکومت نے عوام کو مفت طبی سہولیات فراہم کرنے کے لیے ہیلتھ کارڈ جاری کرنے کا فیصلہ کر لیا۔ اس حوالے سے وزیراعظم چوہدری انوارالحق کی زیر صدارت کابینہ کا اجلاس منعقد ہوا، جس کے بعد وزیر خزانہ عبدالماجد خان نے میڈیا کو بریفنگ دی۔
وزیر خزانہ نے بتایا کہ کابینہ نے عام آدمی کے علاج کے لیے صحت کارڈ جاری کرنے، ہنرمند نوجوانوں کے لیے قرض اسکیم اور بلدیاتی نمائندوں کے لیے ایک ارب روپے فنڈ کی منظوری دے دی ہے۔
مزید برآں، ماحولیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے نمٹنے کے لیے وزیر آئی ٹی ضیاء القمر کی سربراہی میں ایک ٹاسک فورس تشکیل دی گئی، جب کہ ہائر ایجوکیشن کے کنٹریکٹ ملازمین کی پالیسی کی بھی منظوری دے دی گئی۔
انہوں نے اعلان کیا کہ 05 فروری کو یوم یکجہتی کشمیر منفرد انداز میں منایا جائے گا، جب کہ اسپیکر اسمبلی پر حملے میں ملوث افراد کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔
وزیر خزانہ نے مزید بتایا کہ بینک آف آزاد جموں و کشمیر، اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی پالیسیوں کے مطابق کام کر رہا ہے۔
اس کے علاوہ، آزاد جموں و کشمیر کابینہ نے بھارتی وزیر دفاع کے بیان کی شدید مذمت کرتے ہوئے تحریک آزادی کشمیر کے بیس کیمپ سے بھارت کی کسی بھی قسم کی شرانگیزی کا منہ توڑ جواب دینے کا اعلان کیا ہے۔