اسلام آباد: ترجمان دفتر خارجہ شفقت علی خان نے واضح کیا ہے کہ پاکستان کی ون چائنہ پالیسی میں کوئی تبدیلی نہیں کی جائے گی۔
ہفتہ وار بریفنگ کے دوران انہوں نے کہا کہ چین پاکستان کا قریبی اور اہم دوست ملک ہے اور پاکستان ہمیشہ سے ون چائنہ پالیسی پر مضبوطی سے عمل پیرا رہا ہے۔ اس حوالے سے کسی بھی قسم کی تبدیلی کے امکانات کو مسترد کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ پالیسی پاکستان کی خارجہ پالیسی کا حصہ ہے اور اس پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
شفقت علی خان نے مزید کہا کہ پاک چین دوستی کے خلاف بے بنیاد الزامات لگائے گئے ہیں اور اس مضبوط تعلق کو متاثر کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے، جو کہ قابل مذمت ہے۔ پاکستان اور چین کے تعلقات میں کسی قسم کی دراڑ ڈالنے کی کوششیں کامیاب نہیں ہوں گی۔
دہشت گردی کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے ترجمان دفتر خارجہ نے سوڈان میں حالیہ دہشت گرد حملے کی سخت مذمت کی۔ انہوں نے عالمی سطح پر دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پاکستان کے عزم کو دوہرایا۔
مراکش میں کشتی کے حادثے کے بارے میں انہوں نے کہا کہ اس حادثے کی تحقیقات جاری ہیں اور پاکستان اس میں بچ جانے والوں کو واپس لانے کے اقدامات کر رہا ہے۔ ساتھ ہی پاکستان میں ہونے والی امن مشقوں کے بارے میں بھی آگاہ کیا اور کہا کہ یہ مشقیں علاقے میں امن و استحکام کے لیے اہم ہیں۔
گزشتہ روز اپنے بیان میں ترجمان نے افغانستان میں امریکی ہتھیاروں کی موجودگی پر تشویش کا اظہار کیا تھا، جنہیں دہشت گرد تنظیمیں پاکستان میں حملوں کے لیے استعمال کر رہی ہیں۔