اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو ایک بار پھر مذاکرات کی دعوت دیتے ہوئے کمیشن کے بجائے پارلیمانی کمیٹی تشکیل دینے کی پیشکش کی ہے۔
وفاقی کابینہ کے اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ حکومت نے پی ٹی آئی کے ساتھ مذاکرات کے لیے ایک سازگار ماحول فراہم کیا، لیکن پی ٹی آئی ان مذاکرات میں شریک ہونے سے گریز کر رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ نیک نیتی کے ساتھ پی ٹی آئی کو مذاکرات کی پیشکش کی گئی تھی اور ہماری کمیٹی نے ان سے تحریری مطالبات دینے کا کہا تھا۔
شہباز شریف نے پی ٹی آئی کو کمیشن کی بجائے پارلیمانی کمیٹی بنانے کی پیشکش کرتے ہوئے کہا کہ وہ آئیں اور بات چیت کریں، ہم ہاؤس کمیٹی بنانے کے لیے تیار ہیں اور مذاکرات کے لیے دل سے آمادہ ہیں۔
یاد رہے کہ پی ٹی آئی نے 9 مئی اور 26 نومبر کے واقعات کی تحقیقات کے لیے کمیشن تشکیل دینے کا مطالبہ کیا تھا، جس کے باعث پی ٹی آئی مذاکراتی کمیٹی کے اجلاس میں شرکت نہیں کر سکی۔